
اگر ہم نور میں چلیں جس طرح وہ خود نور میں ہے، تو ایک دوسرے کے ساتھ رفاقت رکھتے ہیں، اور اُس کے بیٹے یسوع مسیح کا خون ہمیں ہر گناہ سے پاک کرتا ہے۔
—1 یوحنا 1:7
چنانچہ، اب آپ یسوع کے شاگرد بن گئے ہیں! آپ کی زندگی میں ایک معجزہ رونما ہوا ہے ، آپ کے گناہ معاف ہو گئے ہیں اور اور سب کچھ بدل چُکا ہے۔ کیا آپ کا دِل خوشی سے بھر گیا ہے اور آپ کا دِل کرتا ہے کہ آپ حمد کریں اور گیت گائیں اور اپنے اِس تجربہ کے بارے میں ہر ایک کو بتائیں؟ اگر ایسا ہے خدا کی تعاریف ہو!
یا ہوسکتا ہے کہ آپ کو کچھ بھی محسوس نہ ہو رہا ہو۔ ہوسکتا ہے وہ ابتدائی خوشی مدہم پڑ گئی ہو اور آپ کو مسیحی زندگی بظاہر مشکل لگ رہی ہو ۔ یا اُس سے بھی بدتر یہ کہ آپ سے کوئی ایسا گناہ سرزد ہو گیا ہے جس کو آپ نے کبھی نہ کرنے کے بارے میں سوچا تھا اور آپ کے دِل میں شک نے جگہ کر لی ہے۔ آخر ہوا کیا ہے ؟ کیا مسیحی وہ ہوتا ہے جو کبھی آزمایا نہیں جاتا اور ہمیشہ خوش رہتا ہے؟ آخر کا ر، شائد یہ آپکا وہم بھی ہو سکتا ہے!
اِن اسباق کا مقصد اُس تبدیلی کو سمجھنے میں آپ کی مدد کرنا ہے جو آپ کی زندگی میں رونما ہوئی ہے اور مسیحی زندگی گزارنے میں اِس کے کیا معنی ہیں ۔ اِس کے لیے ہم مندرجہ ذیل پانچ سوالات پرغور کریں گے:
- میَں کس طرح جان سکتا ہوں کہ میَں حقیقت میں ایک مسیحی ہوں؟
- مجھ میں کیا تبدیلی آئی ہے؟
- میَں آزمائش سے کس طرح بچ سکتا ہوں؟
- مجھے کس پر ایمان رکھنا چاہیے؟
- گناہ سرزد ہونے پر مجھے کیا کرنا چاہیے؟
